جھنگ: نوشہرہ ورکاں‘ کروڑوں روپے کی 64 ہزار بوریاں گندم‘ 2 ہزار تھیلے کھاد پکڑے گئے

May 01, 2023

جھنگ ‘ نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر زوہیب احمد انجم نے محکمہ فوڈ کے افسران کے ہمراہ گزشتہ روز کارروائی کرتے ہوئے نجی فلور ملز میں غیر قانونی طور پر سٹاک کی گئی گندم کے 7 ہزار تھیلے برآمد کئے گئے۔ مزید برآں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ہزار گندم کے تھیلے سمگل کئے جانے پر قبضہ میں لئے۔ قبضہ میں لی گئی گندم کی مالیت 4 کروڑ 90 لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ نیاز احمد مغل نے تحصیل شورکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے دو نجی فلو ملز میں ذخیرہ کی گئی گندم کے 25 ہزار سے زائد تھیلے قبضہ میں لئے۔ دوسری کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر نے دوسرے اضلاع کو سمگل کئے جانے والے 750 گندم کے تھیلے قبضہ میں لے کر خریداری مراکز پر پہچانے کے احکامات جاری کئے۔ ٰنوشہرہ ورکاں سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق 16 کروڑ مالیت کی ذخیرہ شدہ 31 ہزار گندم اور 2 ہزار  یوریا کھاد کے تھیلے برآمد۔ اسسٹنٹ کمشنر میاں اظہر طارق وٹو کی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مہم کے دوران قانونگو کیپٹن نسیم احمد اور اے ایف سی رانا لیاقت نے پولیس فورس کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نوبل رائس ملز تتلے عالی سے 15 ہزار گندم اور 2 ہزار یوریا کھاد کے تھیلے سردار رائس ملز تتلے عالی سے 10 ہزار گندم کے تھیلے اور اکبر رائس ملز مجو چک سے 6 ہزار گندم کے تھیلے تحویل میں لیکر انہیں سرکاری گودام میں منتقل کر دیا۔ محکمہ خوراک کے حافظ امجد منیر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر نوشہرہ ورکاں نے غربی غلہ منڈی کے آڑھتی غلام محمد کے خلاف گندم کی پرائیویٹ باردانہ میں ذخیرہ کرنے پر مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

مزیدخبریں