اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرنا انتہائی ضروی ہے۔ حکومت کو لیبر قوانین پر عملدرآمد کرانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی یومِ مزدور کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں.پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے کاوشیں اور اقدامات جاری رکھیں۔
دریں اثناء سابق صدر و شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے کہا کہ بد ترین مہنگائی کے باعث محنت کش طبقہ معاشی بدحالی کا شکار ہے۔ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر محنت کشوں کی مشکلات حل کرے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یومِ مزدور آج منایا جارہا ہے۔ مزدوروں کے حقوق کی 100 سال سے زائد عرصے سے جاری جدوجہد پر روشنی ڈالی جائے گی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم روٹی، کپڑا اور مکان کے منشور پر عمل پیرا ہیں۔