لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ میں مشرقی لندن کے علاقے میں ایک شخص نے تلوار کے وار کر کے 13 سالہ لڑکے کو ہلاک اور دو پولیس افسروں سمیت 4 افراد کو زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق صبح 7 بجے کے بعد ہینالٹ ضلع میں سمارائی نما تلوار سے حملہ کیا۔ پولیس نے کہا کہ 36 سالہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ واقعہ کو دہشت گردی کا تصور نہیں کیا جا رہا۔ لندن میٹرو پولیٹن پولیس کے چیف سپرنٹنڈنٹ سٹورٹ بیل نے کہا کہ زخمی ہونے والے تمام افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دو پولیس افسران شدید زخمی ہوئے جنہیں سرجری کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم رشی سونک نے حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری سڑکوں پر اس طرح کے تشدد کی کوئی جگہ نہیں‘ میں ایمرجنسی سروسز کی فوری کارروائی پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور پولیس افسروں کی بہادری پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
لندن: ایک شخص کا تلوار سے حملہ‘ لڑکا ہلاک‘ 2 پولیس افسروں سمیت 4 زخمی
May 01, 2024