لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے صدر، سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے پر پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے پر ان کی اہلیہ اہلیہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔درخوست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالت نے پرویزالہی کو کسی بھی کیس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت عالیہ نے پولیس افسران کو سابق وزیر اعلی کو بحفاظت گھر پہنچانے کی ہدایت کی تھی۔پولیس افسران چوہدری پرویز الٰہی کو بحفاظت گھر پہنچانے میں ناکام رہے، اسلام آباد پولیس نے چوہدری پرویز الہی کو گرفتار کرکے عدالت کی توہین کی۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ذمہ دار پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔عدالت عالیہ نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔