پشاور؍ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے کسی کے ساتھ کوئی بیک ڈور رابطے نہیں، اگر ہوئے تو سب کو بتائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی مئی میں عوام کے درمیان ہوں گے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ ہماری کسی سے مذاکرات سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے علاوہ سب سے بات چیت کریں گے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ میں بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا۔ ہم پرامن احتجاج کرتے ہیں پھر بھی ہم پر مقدمات درج کئے جاتے ہیں۔ ہم اپنے حقوق کیلئے نکلتے ہیں پھر بھی ہمیں روکا جا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ان کی رہائی بہت ضروری ہے۔ ہماری کوشش تھی عید سے قبل رہا ہوں۔ بانی پی ٹی آئی مئی میں اڈیالہ جیل سے رہا ہوں گے اور عوام کے درمیان ہوں گے۔ سیاسی حریفوں پر تنقید کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ قومی احتساب بیورو نیب کا ادارہ بانی پی ٹی آئی کو سزا کیلئے بنایا گیا۔ نیب کے کیسز ہمارے خلاف ہیں، نیب کی فورس ہمارے خلاف ہے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف فارم 45 پر اپنی سیٹ ہار چکے ہیں۔ عون چودھری اور علیم خان بھی اپنی سیٹ پر ہار چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم الائنس کے ساتھ احتجاج کرنے جا رہے ہیں اور وہ جاری رہے گا۔ پیپلز پارٹی اور ان کے سیاسی ونگ کے علاوہ سب کے ساتھ ہو سکتا ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیر افضل مروت کا نام فائنل ہو گیا ہے۔ کسی ادارے یا سیاسی جماعت سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ اگر کوئی مذاکرات ہوئے تو میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن سے فوری رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ احتجاجی تحریک میں شامل ہونے کیلئے مولانا فضل الرحمن کو دعوت دی جائے گی۔ دوسری جانب دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان کی خاطر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جج کی بازیابی کیلئے کوئی تاوان نہیں دیا، فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جج کو بازیاب کرا لیا، ہمیں اپنی فورسز کو سپورٹ کرنا چاہئے۔ میرے صوبے سے وفاق تمباکو سے 300 ارب کما رہی ہے، یہ کوئی طریقہ نہیں سارا پیسہ وفاق لے جائے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے مزید کہا کہ اس بار ان کو یہ پیسہ نہیں ملے گا صرف جی ایس ٹی ملے گا، ہم کوئی بھکاری نہیں کہ ان سے بھیک مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپی کے کے عوام کو چور نہ کہو۔