معاشی، سلامتی امور میں تعاون بڑھانے کا عزم،  امریکی وفد سے نتیجہ خیز گفتگو ہوئی: دفتر خارجہ

May 01, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) امریکی اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وفد کی پاکستانی حکام سے پاک امریکا تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی وفد اتوار کی رات دوحہ، قطر سے پاکستان پہنچا۔ 3 رکنی امریکی وفد پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔ امریکی وفد کی قیادت امریکہ کے انڈر سیکرٹری جان باس کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان آنے والا یہ پہلا اعلیٰ سطح کا امریکی وفد ہے۔ دورے میں پاک امریکہ تعلقات اور اس میں بہتری کیلئے مفصل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق خطے کی صورتحال، سکیورٹی معاملات بھی زیر غور ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے وفد نے قائم مقام سیکرٹری خارجہ سفیر رحیم حیات قریشی سے ملاقات کی۔ امریکی وفد کی قیادت قائم مقام انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور نے کی۔ وفد میں پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہورسٹ اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم شامل تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر نتیجہ خیز گفتگو ہوئی۔ فریقین کا تجارت سرمایہ کاری اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں