عالمی یوم مزدور آج‘ صدر زرداری وزیراعظم اور بلاول کا محنت کشوں کو سلام

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) دنیا بھر کی طرح آج یکم مئی کو پاکستان بھر میں یوم مزدوراں جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ سیاسی‘ سماجی اور مزدور تنظیموں کے زیراہتمام مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے تقریبات ہوں گی۔ مظاہرے اور سیمینار ہوں گے‘ ریلیاں نکالی جائیں گی۔ مزدوروں کے حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والے شکاگو کے آنجہانی مزدور رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔  صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کیلئے کردار ادا کریں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مہنگائی نے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا۔ مزدوروں کے حقوق سے متعلق جلد قومی لیبر کانفرنس کا انعقاد کریں گی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام میں ذوالفقار علی بھٹو اور شکاگو کے محنت کشوں کو خراج عقیدت اور سلام پیش کیا۔ جماعت اسلامی‘ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی مزدور کسان تنظیمیں بھی آج بھرپور طاقت کا مظاہرہ کریں گی۔

ای پیپر دی نیشن