صوبائی کابینہ: کینسر کے مریضوں کیلئے مفت ادویات بحال، نوازشریف کسان کارڈ کی منظوری

May 01, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 6 واں اجلاس  ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں شادی کی تقریب میں ون ڈش پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔ کابینہ نے کینسر کے مریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی بحال کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب میں مفت کینسر ادویات پراجیکٹ میں مزید مریض شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ کابینہ نے محمد نوازشریف کسان کارڈ کے اجراء کی اصولی منظوری دی۔ گندم کے چھوٹے کاشتکار کو ڈائریکٹ کیش سبسڈی دینے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کاشتکار کے لئے پنجاب کے سارے وسائل حاضر ہیں۔ آڑھتی اور دیگر مڈل مین کو کسان کے استحصال کی اجازت نہیں دے سکتے۔ میری نیت ہے اللہ کی مخلوق کیلئے روٹی سستی ہو۔ اجلاس میں پنجاب میں فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی اجازت سے مشروط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے لئے 10ارب سیڈ منی دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ چینی کمپنیوں کو نواز شریف آئی ٹی سٹی لاہور میں کیمپس قائم کرنے پر قائل کرنے پر سی ای او سی بی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریاض سے سعودی اکیڈمی بھی نواز شریف آئی ٹی سٹی میں کیمپس کھولنے کے لئے تیار ہے۔ آئی ٹی سٹی میں 10 ٹاور بنیں گے، فوری طور پر ٹوئن ٹاور بنائے جائیں گے۔  رواں ماہ نواز شریف آئی ٹی سٹی کی لانچنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیف سیکرٹری کو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے قابل پروفیشنل لوگوں کا ایک پول بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فری ا دویات کی گھروں میں فراہمی کا پروگرام مئی میں شروع کر دیا جائے گا۔ کابینہ نے پنجاب میں دفعہ 144کے نفاذ کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کو تفویض کرنے کی منظوری دی۔ عوامی نمائندوں کے انتخاب تک بلدیاتی اداروں میں اے ڈی سی آر کی جگہ اے ڈی سی کو چارج دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں گاڑی کے لئے پلاٹینم کیٹگری نمبر پلیٹ کی فیس 10لاکھ مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا اور پرسنلائزڈ / وینٹی نمبر پلیٹس کے ڈیزائن کی منظوری کے لئے افسرکی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کی ہر منسٹری کا پرفارمنس آڈٹ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ کابینہ نے مری کے نواحی گاؤں پرینہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کیلئے فنڈز کی منظوری دی، 10لاکھ روپے فی گھر ملیں گے۔ محکمہ سپیشلائزڈ اینڈ ہیلتھ کیئر میڈیکل ڈیپارٹمنٹ، ٹیچنگ ہسپتالوں اور دیگر فیلڈ آفسز کیلئے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلزکی کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹیٹیوشن ایکٹ 2003ء کے تحت گوجرانوالہ میڈیکل کالج اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل کرنے کی منظوری دی۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے آئی آر ایم این سی ایچ اورنیوٹریشن پروگرام کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن، ڈی جی ایچ ایس پنجاب، لاہور میں کنٹریکٹ تعیناتی میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے محکمہ توانائی کے ری کنسیلی ایشن سیل کے 14ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ایڈووکیٹ جنرل کو کنٹریکٹ پالیسی میں ترمیم کی ہدایت کی کہ کسی کنٹریکٹ میں توسیع کابینہ کی منظوری کے بغیر نہیں ہوگی۔ ضلع چکوال کے علاقے چواسیدن شاہ کے سیمنٹ پلانٹ پراجیکٹ میں 350ملین ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی منظوری دی گئی۔ 3 نئے سیمنٹ پلانٹ قائم کرنے اور چار سیمنٹ پلانٹس کی توسیع کرنے کیلئے این او سی کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ مہاجر برانچ کینال فتح پور مہرہ ضلع خوشاب سے سوڈا ایش پلانٹ کے لیے پانی کی فراہمی کیلئے براہ راست آؤٹ لٹ کی درخواست کی منظوری دی گئی۔ آبی ضروریات پوری کرنے کیلئے وزیراعلی مریم نوازشریف نے مہاجر برانچ کینال کی ری ماڈلنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب میں جو انڈسٹری اور سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اسے روکنا نہیں چاہئے۔ فیصل آباد میں الائیڈ موڑ سے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ روڈ کو کیپٹن ڈاکٹر محمد بلال خلیل شہید روڈ کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں محمد افضل خان کھوکھر کی پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر کی حیثیت سے تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سموگ کے سدباب کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام اور پنجاب اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے سالانہ کیلنڈر کی منظوری دی۔ اجلاس میں تعلیم کا معیار اور رسائی پراجیکٹ کے مجوزہ نتائج کے حوالے سے مذاکرات اور یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے سرچ کمیٹی  کے قیام کی منظوری دی گئی۔ انٹرویو کے لئے کوالیفائی کرنے کے لئے وائس چانسلرز امیدوار کے لئے  75فیصد سے 80 فیصد کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سی ای او فیڈمک کی برطرفی اور قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پراسیکیوشن کے امور میں بہتری کے لئے تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔ پراسیکیوٹرز کی پروفیشنل قابلیت کے لئے ’’سیٹ آف سکلز‘‘ پیش کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب انٹی گریٹڈ پبلک پراسیکیوشن سسٹم نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ پراسیکیوٹر کی پرفارمنس کے اشاریے مقررکرنے کا ڈیجیٹل سسٹم نافذ کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل سسٹم سے پراسیکیوٹرز کی پرفارمنس کا تعین کرنے کے لئے کارکردگی کا سکور چیک ہوسکے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ انوسٹی گیشن سسٹم میں کرپشن کا خاتمہ ضروری امر ہے۔ ایف آئی آر کا قانونی معیار بہتر بنایا جائے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویزرشید، وزیراطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، آئی جی، سیکرٹریز اور دیگر حکا م بھی موجود تھے۔ مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی آپ  کی عوام دوست پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دو ماہ کے قلیل عرصے میں قابل قدر عوامی فلاحی منصوبے شروع کر دیئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ لاہور کے 50 علاقوں میں فری وائی فائی سروس کا آغاز کر دیا۔ دیگر شہروں میں بھی جلد کریں گے۔ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کیلئے چھ شہروں میں 519 کنال سٹیٹ لینڈ کی نشان دہی کی جا چکی ہے۔ عوام کو سستے آٹا اور روٹی فراہم کر رہے ہیں۔ 8ہزار کھالوں کو پختہ کرنے کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔کسانوں کے لئے400_ ارب روپے کا پیکج لارہے ہیں۔ نواز شریف کسان کارڈ کے اجراء سے کسانوں کو سہولت ہو گی۔ ملاقات کرنے والوں میں ممبر قومی اسمبلی ریاض الحق جج، ارکان پنجاب اسمبلی اختر علی خان، قیصر اقبال سندھو، محمد نواز شامل تھے جبکہ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، مشیر ذیشان ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں