قرض نہیں نجات کامیابی، سعودی عرب کیساتھ معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہو گی: وزیراعظم

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی + آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے اجرا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کی 1.1 ارب ڈالرکی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔ 2016ء میں میرے قائد نواز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا۔ یہ ایس بی اے دوسرا پروگرام ہے جو مکمل ہورہا ہے۔  16ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا۔ پاکستان کے معاشی تحفظ کے لیے تلخ اور مشکل فیصلے کیے۔ ان فیصلوں کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔ اللہ تعالی نے معیشت کو بہتر بنانے کا موقع دیا ہے۔ پوری جان لڑائیں گے اور پاکستان کو معاشی ترقی دلائیں گے۔ قرض لینا کامیابی نہیں،کامیابی اس دن ہوگی جس دن قرض سے نجات پائیں گے۔ درست سمت میں تسلسل سے محنت جاری رہی تو معاشی خوشحالی کا دور جلد آئے گا۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف کا بھی شکریہ جنہوں نے پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دورے کے اختتام پر وطن واپسی پرکہا ہے کہ عالمی اقتصادی فورم میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں کثیر الجہتی شعبوں میںباہمی تعاون‘ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے بعد سعودی عرب کے دورہ کے اختتام پر بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان آ رہا ہے‘ جس کے نتیجے میں دونوں ممالک میں معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہو گی اور قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کلئے پوری محنت سے کام کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ دو ماہ کے دوران پاکستان اور  سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر ریکارڈ وفود کا تبادلہ ہوا ہے۔ سعودی عرب کا تین روزہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے‘ نہایت مفید بات چیت ہوئی۔ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں واشگاف انداز میں بیان کیا کہ دنیا کو پرامن بنانا ہے تو غزہ میں مستقل امن قائم کرنا ہو گا۔ پرتپاک میزبانی اور پاکستان سے پرخلوص محبت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے سعودی وزراء کو پاکستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں‘ اس کے لئے بھی بے حد شکرگزار ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے وزراء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کے درمیان مفاہمت پر عملدرآمد کے لئے بھرپور تیاری کی۔

ای پیپر دی نیشن