اسلام آباد (خبرنگار)شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں مزدور کی سرکاری طور پر طے شدہ اجرت ناکافی ہے، جس کی ادائیگی کو بھی آج تک یقینی نہیں بنایا گیا ہے، صرف اعلانات سے مہنگائی کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا بلکہ عملی اقدامات اٹھانا بھی ضروری ہیں، عام آدمی کا قلیل آمدنی میں بسر اوقات کرنا انتہائی مشکل اور دشوار گزار ہے، شدید مہنگائی نے ہر کس و ناکس کا جینا دوبھر کر دیا ہے، ضعیف العمر افراد کا حکومت کی طرف سے ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جائے، معصوم بچوں سے جبری مشقت کی روک تھام کے لیے مثر قانون سازی کی ضرورت ہے، ملک کی تعمیر و ترقی میں سب سے زیادہ کردار ان محنت کشوں کا ہے جو مشقت کر کے رزق حلال سے اپنے خاندان کی کفالت کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے یہی طبقہ زوال کا شکار ہے، زندگی کے تمام شعبوں میں ایسے محنت کش موجود ہیں جن کی محنت سب سے زیادہ اور اجرت سب سے کم ہے، یہی سرمایہ دارانہ جبر معاشی استحصال کی بدترین مثال ہے ۔