اسلام آباد(خبرنگار)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے صوبائی وزیر تعلیم صوبہ بلوچستان راحیلہ درانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ بلوچستان کے مسائل اور خاص طور پر تعلیم کے شعبے کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ صوبہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے اس صوبے کے مسائل کو اولین ترجیح پر حل کیا جائے گا۔ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کی جانب گامزن کیاجائے۔ صوبے کے مسائل کے حل کے حوالے موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے معاملات کو بہتر بنایا جائے گا اور صوبے کو درپیش مسائل خصوصا شعبہ تعلیم اور صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے کر بہتری لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں پینے کے پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے جس کے لئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم راحیلہ درانی ایک قابل اور باصلاحیت خاتون ہیں امید ہے کہ وہ صوبائی شعبہ تعلیم میں بہتری لائیں گی اور صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اعلی تعلیم اور قابل طالبعلموں کو ریلیف دینے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں اعلی تعلیمی ادارے تعلیمی وظائف میں اضافہ کریں تاکہ غریب لوگوں کے بچے اعلی تعلیم حاصل کرسکیں۔ راحیلہ درانی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ایوان بالا کا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیدال خان کا انتخاب صوبے کے لئے خوش قسمتی ثابت ہوگا۔
صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ درانی کی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات
May 01, 2024