اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے بانی پی ٹی آئی اور سینئر قیادت کے خلاف 9 مئی احتجاج کے حوالے سے درج مقدمہ میں اسد عمر کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر اسد عمر اپنے وکلاکے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ، پی ٹی آئی وکلاسردار مصروف اور آمنہ علی عدالت پیش ہوئیں ۔ آمنہ علی نے کہا کہ 109 کی حد تک الزام ہے کوئی ثبوت چالان میں موجود نہیں ۔ اسد عمر کی حد تک درخواست بریت پر دلائل ہو چکے ہیں ۔ عدالت نے کہا کہ اسد عمر کی حد تک 249 کی درخواست پر آرڈر کروں گا ۔ عدالت نے اسد عمر کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کر لیا سردار مصروف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست دائر ہوئی ہے ؟ وکیل نے کہا کہ بریت کی درخواست دائر نہیں ہوئی پروڈکشن کی درخواستیں دائر ہوئی ہیں ۔ عدالت نے اسد عمر کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے وہئے سماعت 29 جولائی تک ملتوی کر دی ۔