اسلام آباد (خبرنگار)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں ہمارے جواں ہمت محنت کشوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔پاکستان ان تمام سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہے جن میں مزدوروں کے حقوق کی فراہمی و تحفظ ریاست کا آئین فراہم کرتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم مئی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے اور پاکستان میں بھی محنت کشوں کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہنر مند اور غیر ہنر مند مزدورں کی کم سے کم معاوضے میں اضافہ کر کے محنت کشوں کے مسائل کومزید کم کیا جا سکتا ہے۔حکومت وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے نہ صرف اندرون ملک کام کرنے والے محنت کشوں بلکہ تارکین وطن کے مسائل کے حل اور بہبود کیلئے متعدد اقدام اٹھا رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یکم مئی مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے۔
قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں محنت کشوں کا کردار کلیدی ،یوسف رضا گیلانی
May 01, 2024