راولپنڈی(جنرل رپورٹر)گلوبل الائنس فار امپروڈ نیوٹریشن(گین)نے غذائیت سے بھرپور فروٹ بارز کا کامیابی کے ساتھ آغاز کر دیا ہے، جو کہ پاکستان میں فروٹ ویلیو چین کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل اقدام ہے۔ اس منصوبے کے نتیجے میں خوبانی اور کھجور کی فصلوں سے ہونے والے نقصانات کاازالہ ممکن ہوا جس سے دیہی علاقوں میں غذائی تحفظ اور معاشی استحکام کی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ فصل برداری کے بعد ہونے والے نقصانات ، جو صارفین تک پہنچنے سے پہلے فصل کا 30% تک ہوتے ہیں، غذائی تحفظ اور معاشی استحکام کے لئے ایک سنگین خطرہ ہیں۔ ڈینیش انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایجنسی (ڈی اے این آئی ڈی اے) اور ارلا فوڈ انگریڈی اینٹس(اے ایف آئی) اور ڈینش انڈسٹری کی معاونت سے چلنے والے گین کے اس پراجیکٹ کا مقصد پھلوں سے مختلف قسم کی جدید اور کم قیمت مصنوعات کی تیاری ہے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے اور غذائیت سے بھرپور خوراک بالخصوص کم آمدنی والے لوگوں کے لئے میسر ہو سکے۔ گین پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر فرح ناز نے کہا کہ "غذائیت سے بھرپور فروٹ بارز" منصوبے کا آغاز بڑے مناسب وقت پر ہوا جس نے فصل برداری کے بعد ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کیلئے ایک جامع اور قابل عمل حل پیش کیا۔فرح ناز نے مزید کہا، "ہم 'غذائیت سے بھرپور فروٹ بارز" پراجیکٹ شروع کرنے اور پاکستان کے غذائی نظام میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔