قتل کیس، مرکزی مجرم اسکے بھائی،بیٹے،قریبی عزیزکو 5،5مرتبہ سزائے موت کاحکم

May 01, 2024

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی راجہ فیصل رشید نے تھانہ چونترہ کے مشہور9سی قتل کیس کے مقدمہ میں مرکزی مجرم کو اس کے بھائی،بیٹے اور قریبی عزیزکو 5،5مرتبہ سزائے موت اور دوسرے بیٹے کو 5مرتبہ عمر قید کی سزا سنا دی ہے جبکہ تیسرے بیٹے سمیت 7ملزموں کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیامقدمہ میں ایک ملزم کیس کی سماعت کے دوران گزشتہ سال انتقال کر گیا تھا فیصلے کے موقع پر سزا پانے والے چاروں ملزمان کو جیل سے سخت حفاظتی پہرے میں عدالت لایا گیا عدالتی اوقات کے بعد سنائے جانے والے فیصلے سے قبل کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال کے خدشے کے پیش نظر عدالتی حکم پر جوڈیشل کمپلیکس کو تمام غیر متعلقہ افراد سے مکمل طور پرخالی کرا لیا گیااس موقع پر ایلیٹ فورس کے علاوہ پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی تھی عدالت نے اپنے فیصلے میں مقدمہ کے مرکزی ملزم ملک رب نواز اس کے بیٹے دانش نواز اوربھائی محمد اشرف  کے علاوہ قریبی عزیز محمد عاقب کو5،5مرتبہ سزائے موت کا ھکم دیا ہے،عدالت نے مرکزی مجرم کے دوسرے بیٹے اکرام نواز کو 5مرتبہ عمر قیدکی سزا سنا دی عدالت نے موت و عمر قید کی سزا پانے والے پانچوں ملزمان کو5لاکھ روپے فی کس بطور ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے عدم ادائیگی ہرجانہ پر ملزمان کو مزید6،6ماہ قید بھگتنا ہو گی عدالتی حکم کے مطابق عدم ادائیگی کی صورت میں ملزمان کی جائیداد فروخت کر کے ہرجانہ کی رقم مقتولین کے ورثا کو ادا کی جائے گی عدالت نے مقدمہ میں نامزد مرکزی مجرم کے تیسرے بیٹے عابدنوازکے علاوہ ان کے قریبی عزیزوں طاہر محمود، حمزہ، محمد سلیم، قیصر، وسیم بابر اور جاوید اقبال7ملزموں کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا اس مقدمہ میں نامزدملک رب نواز اس کے دو بیٹے دانش نواز اور اکرام نواز،بھائی محمد اشرف اور محمد عاقب جیل میں تھے جبکہ سردار وسیم نامی ملزم کودوران تفتیش پہلے ہی پولیس نے بے گناہ قرار دے دیا تھا اور تاج نامی ملزم گزشتہ سال18اپریل کو انتقال کر گیا تھا، خون کی یہ ہولی دونوں گروپوں میں سابقہ دشمنی اوروقوعہ سے 4روز قبل ملک رب نواز کی اہلیہ کا قتل کا نتیجہ تھا جس کا بدلہ لینے کے لئے ملک رب نواز گروپ نے مخالفین کی5خواتین اور4 بچوں کو ابدی نیند سلا دیاجس پرتھانہ چونترہ پولیس نے 25جولائی 2020کو نذر عباس سکنہ میال کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔

مزیدخبریں