پاکستان اس وقت معاشی طور پر نازک دور سے گزر رہا ہے اور مجھے اس بات کا بھی بخوبی ادراک ہے کہ موجودہ مہنگائی نے ہمارے مزدور طبقے کو سب سے ذیادہ متاثر کیا ہے۔ حکومت خصوصی سبسڈیز، سماجی تحفظ اور تخفیفِ غربت کے پروگراموں کے ذریعے اپنے معاشی طور پر کمزور ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ہم بہتر اور کم لاگت رہائش، مفت تعلیم و صحت اور سماجی تحفظ کے اقدامات کے ذریعے اپنے مزدوروں کی فلاح و بہبود کو مزید فروغ دے کر ان کے حالاتِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ مزدور دوست پالیسیوں اور اقدامات کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مزدوروں کو زرق حلال کے حصول کیلئے موزوں ماحول میسر ہو۔ اس طرح ہمارے مزدور پاکستان کی طاقت بنیں گے۔اس موقع پر میں بالخصوص ایسی باہمت خواتین جو اپنے خاندان کیلئے روزی کمانے کیلئے معاشرے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتی ہیں انکے حوصلے وعزم کی داد دونگا اور انکی عظمت کو سلام پیش کرونگا. پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ معیشت کو بحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں مستقل مزاجی سے بھرپور محنت کرنا ہوگی۔ ہمیں امید ہے کہ مالی و اقتصادی استحکام کے موجودہ مثبت رجحان کے نتیجے میں معاشی سرگرمیاں مزید بڑھیں گی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ تاہم روزگار کے نئے مواقع سے بھرپور طریقے سے مستفید ہونے کیلئے ہنر مند اور باصلاحیت افرادی قوت کی ضرورت ہو گی۔ حکومت پاکستان نے پاکستانی افرادی قوت کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے ملک کے نوجوانوں کے لیے تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔آئیے ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں جہاں ہر محنت کش کی قدر ہو، عزت ہو، انہیں یکساں ترقی کے مواقع میسر ہوں اور ملکی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام محنت کش افراد بااختیار ہوں۔ اللہ تعالیٰ ملکِ پاکستان کی خوشحالی کے لیے ہماری مخلصانہ کوششوں میں ہماری رہنمائی فرمائے۔ آمین
یوم مزدور، یکم مئی 2024 کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا پیغام
May 01, 2024 | 12:12