کراچی (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو کرکٹ کی دنیا میں ”تنہا“ کرنے میں بھارت نے اہم کردار ادا کیا۔ وہ کراچی میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ احسان مانی نے کہا کہ پاکستان میں حالات کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کا ہونا مشکل ہے اس کا فائدہ بھارت نے اٹھایا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے صدر ذکاءاشرف کو عالمی دنیا میں پاکستانی کرکٹ کے امیج کو بہتر کرنے کےلئے دیگر بورڈز سے تعلقات بہتر کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوکر کٹہرے میں جانا شرمناک ہے اس وقت کرکٹ میں کرپشن 100فیصد ہے جس کو ختم کرنا مشکل ہے کیونکہ کرکٹ کرپشن میں کھلاڑی انفرادی طور پر بھی ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپاٹ فکسنگ کیس کو صحیح طور پر ہینڈل نہیں کیا۔ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹیم آفیشلز بھی سپاٹ فکسنگ کیس کے ذمہ دار ہیں خاص طور پر عامر نے پیسہ کی خاطر اپنے کیریئر کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی معاونت کےلئے تیار ہوں۔پی سی بی کے سربراہ کا سلیکشن سیاسی نہیں ہونا چاہئے اس کا نقصان ہوتا ہے کیونکہ اس طرح چیئرمین اپنے اختیارات کا کھل کر استعمال کرتا ہے اور ہر معاملے میں ملوث ہوجاتا ہے ایک لحاظ سے ڈکٹیٹر شپ قائم ہوجاتی ہے جیسا اعجاز بٹ کے معاملے میں ہوا۔ قومی ٹیم کے بارے میں انہوں نے کہا کہکھلاڑیوں میں بھی اختلافات ہیں۔کپتان پسند ناپسند پر نہیں بنانا چاہئے۔