مبارک پور ‘ مسافر خانہ (نامہ نگاروں سے) بہاولپور ویگن حادثہ میں جاں بحق ہونیوالوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی شہر بھر میں سوگ کی فضا‘ ورثا دھاڑیں مار مار کر روتے رہے اور اپنے پیاروں کو منوں مٹی تلے دفن کیا۔ گزشتہ روز مبارک پور سے بہاولپور جانیوالی ویگن اوورلوڈنگ اور تیزرفتاری کے سبب بہاولپور بائی پاس پر ٹرن لیتے ہوئے سامنے سے آنے والے منی ٹرک سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجہ میں 26 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں سب سے زیادہ تعداد مبارک پور شہر اور نواحی موضع کھر والہ اور غلام علی چنڑ کے لوگوں کی تھی جن میں اکثریت نوجوان تھے جاں بحق ہونیوالوں میں لاہور انجینئرنگ یونیورسٹی کا فرسٹ ائیر کا طالب علم را¶ محمد اکرام، پاک آرمی کا جوان را¶ محمد عمران سمیت ایک ہی خاندان کے اﷲ ڈتہ بھٹی‘ اس کی بیوی ظہور مائی اس کے تین بیٹے محمد رفیق‘ محمد حسن‘ محمد نوید‘ ایک اور خاندان کے ملک ایاز کھر والہ کی دو بیویاں اور ایک بیٹی سمیت خانقاہ شریف کے نواحی علاقہ گوٹھ لانگ کے چار مرد اور خواتین شامل ہیں۔ پاک آرمی کے جوان محمد عمران کی نماز جنازہ مرکزی عید گاہ مبارک پور میں ادا کی گئی۔ پاک فوج کے جوانوں نے سلامی دی تاہم دوسرے دن بھی شہر میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں اور بازار بند رہے، پورا شہر سوگوار رہا، سکولوں میں مرحومین کے لئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔