لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب حکومت کی کوشش سے لاہور میں قومی کھیل ہاکی کے لئے ایک اور ہاکی سٹیڈیم کی سہولیات میسر آ گئی ہےں جس کا افتتاح خادم اعلیٰ پنجاب شہاز شریف آج جوہر ٹاون میں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب یوتھ فیسٹیول کے چیف آرگنائزر و ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ا س موقع پر ڈی جی سپورٹس عثمان انوراور قومی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ سابق اولمپئن اختر رسول بھی موجود تھے۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ اختر رسول کی سرابرہی میں جوہر ٹاﺅن ہاکی سٹیڈیم کے معاملات چلانے کیلئے مینجنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈی جی سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرعثمان انور اور ڈی جی ایل ڈی اے احمد چیمہ شامل ہیں۔حکومت پنجاب نے ساڑھے چار ہزار گراﺅنڈز کو دوبارہ کھیلنے کے قابل بنایا ہے اور یہ حکومت پنجاب کا کھیلوں سے محبت کا ثبوت ہے۔ مستقبل بھی اس طرح کے اقدامات جاری رہیں گے۔ جس طرح کامیابی کے ساتھ یوتھ فیسٹیول کے پہلے مرحلوں کا انعقاد کیا گیا اسی طرح نیشنل اور انٹرنیشنل سطح کے مقابلوں کا انعقاد بھی کروایا جائے اور اس وقت 41 ممالک نے اپنی ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کی تصدیق کر دی ہے اور ان کے ویزے لگوانے کا عمل جاری ہے۔ پنجاب حکومت نے کبھی کھیلوں میں سیاست کو پسند نہیں کیا۔ پنجاب حکومت ہر قسم کے انٹرنیشنل ایونٹ کروانے کیلئے تیار ہے پاکستان کرکٹ بورڈ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان لائے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور سیکورٹی فراہم کریں گے۔ قومی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ اور سابق اولمپئن اختر رسول نے کہا کہ وہ سابق اور موجودہ ہاکی کھلاڑیوں کی طرف سے نیا ہاکی سٹیڈیم بنانے اور کھیل کی ترقی کیلئے اقدامات کرنے پر شکر گزار ہیں۔