کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور انڈیکس کاروبار کے آغاز سے اختتام گرین زون میں ہی رہا ۔ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس آج پہلی مرتبہ سولہ ہزار پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ ہوا تاہم فاطمہ فرٹیلائزر، اینگروکارپوریشن ، نیشنل بینک سمیت فرٹیلائزر اور بینکنگ اسکرپٹس میں شیئرز کی فروخت کے سبب سولہ ہزار پوائنٹس کی سطح برقرار نہ رہ سکی اور کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس باون پوائنٹس اضافے کے بعد پندرہ ہزار نو سو باسٹھ پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست تیزی کی بدولت کاروباری حجم بھی گزشتہ روز کے مقابلے میں پانچ کروڑ شئیرز زائد رہا۔مارکیٹ میں مجموعی کاروباری حجم اٹھارہ کروڑ اکیانوے لاکھ شئیرز رہا، حجم کے اعتبار سے میپل لیف سیمنٹ کمپنی کے حصص میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔دوسری جانب لاہوراسٹاک مارکیٹ میں بھی آج تیزی رہی اور ایل ایس پچیس انڈیکس سولہ پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ تین ہزار نو سو چھیاسٹھ پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں ایک سو گیارہ کمپنیوں کے انتیس لاکھ ستائیس ہزار دو سو حصص کا کاروبار ہوا۔ چونتیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، اکیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ چھپن کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔