پشاور (ثناءنیوز) پاکستان کیلئے امریکی سفیر رچرڈ جی اولسن نے جمعرات کو پشاور میں پاکستانی حکام کےساتھ ملاقاتیں کیں۔ اپنے قیام کے دوران رچرڈ اولسن نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان ملک بھر میں مختلف شعبوں معاشی استحکام، توانائی، تعلیم اور سلامتی میں تعاون سمیت خیبر پی کے میں جاری متعدد منصوبوں پر بات چیت کی۔ انہوں نے خیبر پی کے کے گورنر انجینئر شوکت اللہ خان اور گیارہویں کور کے کمانڈر یفٹیننٹ جنرل خالد ربانی کے ساتھ ملاقاتوں میں تجارت، معاشی ترقی اور سلامتی کے موضوع پر بات چیت کی۔ رچرڈ اولسن نے پاکستانی فوج کے ان شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی جو خدمات کی انجام دہی کے دوران دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہوئے تھے۔