جدہ / سعودی عرب (سید شعیب الدین احمد) پی آئی اے کے کنٹری منیجر اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہاکی کی تباہی کی وجہ ہر شعبے میں میرٹ کا نہ ہونا ہے۔ ہاکی فیڈریشن میں بھی میرٹ نہیں۔ پاکستان کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے۔ ہاکی کی بہتری کیلئے میرٹ پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔ ہاکی کی بہتری کیلئے وزیراعظم میاں نواز شریف دلچسپی لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جدہ میں نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اولمپیئن شہباز سینئر نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کے دفتر کا غلط استعمال ہوتا رہا۔ آصف باجوہ نے یہی پالیسی بنائی۔ پاکستان 12ویں نمبر پر آیا اور ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا۔ گول کیپر شاہد علی خان کو ٹیم کوچ بنانے کا یہی انجام ہونا چاہئے تھا۔ اختر رسول آج کی ہاکی کی تیکنیک سے واقف نہیں۔ قمر ابراہیم، کامران اشرف جیسے کھلاڑیوں کو کوچ بنایا جائے۔ ایک وزیر کو خوش کرنے کیلئے ہاکی ٹیم کا کیمپ سیالکوٹ میں اس لئے لگایا گیا کہ اس وزیر کے ہوٹل میں ٹیم کو ٹھہرایا جا سکے۔ آج ٹیم میں سیالکوٹ کے تین اولمپیئن ہیں اور ایک سال میں کپتان بھی سیالکوٹ کا ہو گا۔ کرکٹ کا بھی یہی حال ہے۔ وہاں پانچ پانچ کپتان ٹیم میں کھیل رہے ہیں۔ ایک آدھ ٹی 20 یا ون ڈے تو جیت لیتے ہیں مگر جب بھی کسی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے تو چوتھے نمبر پر ہی آئیں گے۔
قومی ہاکی ٹیم کی بہتری کےلئے میرٹ پر سختی سے عمل کرنا ہو گا: شہباز سینئر
Nov 01, 2013