رائے ونڈ + لاہور (این این آئی + نامہ نگار + سٹاف رپورٹر) تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ رائے ونڈ کے وسیع و عریض میدانوں میں اللہ اکبر کی صداﺅں سے شروع ہو گیا، غیر ملکی مہمانوں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی، اجتماع کے پہلے روز شرکاءکی تعداد دو لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔ تبلیغی جماعت کے مرکزی امیر حاجی عبدالوہاب نے اپنے ابتدائی فکر انگیز خطاب میں کہا کہ دین الٰہی کو گھر گھر پہنچانے کےلئے تبلیغ کا کام حضرت محمد رسول اللہ ﷺکے دور مبارک سے شروع ہوا اور قیامت تک جاری رہے گا ، امت مسلمہ کا اصل کام نبی اکرم کے ذریعے انسانیت کی فلاح کےلئے نازل ہونے والے اللہ کے احکامات کو پوری انسانیت تک پہنچانا ہے، انسانیت کی بھلائی اللہ کے احکامات کی بجاآوری اور محمد رسول اللہ ﷺکے طریقوں پر عمل پیرا ہونے میں ہے جس کےلئے محنت اور خلوص کی ضرورت ہے اسی محنت کے سلسلہ میں تبلیغی جماعت مصروف عمل ہے اور لاکھوں مسلمان سارا سال جماعتوں کی شکل میں پوری دنیا میں دین کی آبیاری کےلئے اللہ کا پیغام گھر گھر تک پہنچانے کی جستجو کررہے ہیں، جمعرات کو حاجی عبدالوہاب کے بیان کے بعد علماءکرام مولانا محمد احمد، مولانا محمد جمیل، مولانا محمد اکرم حیات اور مولانا عبدالقیوم نے مختلف نشستوں سے خطاب کیا۔ سندر روڈ پر واقع سینکڑوں ایکڑ پر پھیلے تبلیغی اجتماع گاہ پنڈال میں کم از کم 10لاکھ افراد کے بیٹھنے اور سونے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ تین خصوصی ٹرینیں ہزاروں زائرین کو لیکر رائے ونڈ پہنچ گئیں، قیام و طعام کے وسیع ترین انتظامات کئے گئے ہیں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ سالانہ رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے موقع پر شرکاءکی سہولت اور گاڑیوں کی آمدو رفت کےلئے اجتماع کے روٹس اور اس سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی اور ڈائیورشن پلان کو حتمی شکل دینے کےلئے ایس پی صدر امتیاز الرحمن کادورہ، انہوں نے متعلقہ ٹریفک سیکٹر انچارجز اور ڈی ایس پی صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اجتماع کے روٹس میں قائم تجاوزات اور ٹریفک کے بہاو میں خلل کا باعث بننے والی رکاوٹوں کو فوری ہٹائیں۔انہوں نے کہاکہ رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کےلئے آنے والی شرکاءکی گاڑیوں کی پارکنگ تک رہنمائی اور سہولت کےلئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں اڈا مانگا منڈی،ناکہ ٹھوکر نیاز بیگ، سگیاں پُل اور راوی ٹول پلازہ پر وارڈنز تعینات کئے جائیں گے۔ دیگر اضلاع سے آنے والے وارڈنز کو ان کے ڈیوٹی پوائنٹ پر کھانا فراہم کا جائےگا۔ چوہدر ی محمد اظہر گجر نے کہاکہ سٹی ٹریفک ریڈیو راستہ FM88.6 سے شہریوں کو اجتماع روٹس اور اس سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال بارے آگاہی دینے کےلئے ہر پانچ منٹ بعد روڈ سچویشن بارے پیغامات نشر کئے جاتے رہیں گے۔
رائے ونڈ / اجتماع
رائے ونڈ: تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اللہ اکبر کی صداﺅں سے شروع
رائے ونڈ: تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ اللہ اکبر کی صداﺅں سے شروع
Nov 01, 2013