لاہور (کامرس رپورٹر) ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے کنٹری ہیڈ برائے پاکستان لرنر لائی پیچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈویلپمنٹ سے متعلقہ چیلنجز پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کے لئے ضروری ہے کہ نجی شعبہ اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا ہے ۔اس موقع پر چیف اکانومسٹ شرد بھنڈاری ،ڈائریکٹر نجمہ منہاس لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں مظفر علی، ظفر اقبال چودھری اور سابق نائب صدر سکند ایم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لرنر لائی پیچ نے کہا کہ اگرچہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ضروریات پوری کرنے کے لیے معاونت کررہا ہے مگر اس سلسلے میں نجی شعبے کا اشتراک زیادہ بہتر نتائج کا حامل ہوسکتا ہے۔