لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے امن کا نوبل ایوارڈ جیتنے والی ملالہ یوسفزئی کے نام سے انڈر 21 ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میچ کرانے اور یونس خان کو آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انعام سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے قذافی سٹیڈیم میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسف زئی نے امن کا نوبل انعام جیتنا پوری قوم کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ اس سے پاکستانی کا امیج بھی بہتر ہوا ہے کہ۔ یونس خان کو ذاتی طور پر جانتا ہوں وہ ایسا شخص ہے جو ہمیشہ ملک اور پاکستان ٹیم کے لئے کھیلتا ہے۔ وہ کبھی پیسے کے لئے کرکٹ نہیں کھیلتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کی دنیا کی بہترین آسٹریلوی ٹیم کے خلاف بنائی جانے والی سیریز پر انہیں کیش انعام دے گا جس کیلئے خصوصی تقریب منعقد کی جائیگی۔