ابوظہبی ٹیسٹ: یونس خان کی ڈبل‘ مصباح الحق کی سنچری‘ پاکستانی اننگز 570 پر ڈکلیئر

Nov 01, 2014

ابو ظہبی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز یونس خان کی ڈبل سنچری اور مصباح الحق کی سنچری کی بدولت چھ وکٹوں پر  570 رنز پر ڈکلیئر کر دی۔آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں پہلی وکٹ 22رنز پر گر گئی۔ کرس راجرز پانچ رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر وکٹر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ڈیوڈ وارنر کے ساتھ نیتھن لیون کھیل رہے تھے اور ٹیم کا سکور ایک وکٹ کے نقصان 22 رنز بنا لیے ہیں۔ یونس خان 213 کے انفرادی سکور پر پیٹر سڈل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد اسد شفیق کی وکٹ بھی گر گئی اور وہ 21 رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ کپتان مصباح الحق اپنی سنچری سکور کرنے کے فوراً بعد سٹیون سمتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سمتھ نے اپنی ہی گیند پر مصباح کا کیچ لے کر انھیں آؤٹ کر دیا۔مصباح الحق اور یونس خان کے درمیان 181 رنز کی شراکت ہوئی۔ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں مصباح الحق سنچری سکور کرنے والے تیسرے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔مصباح الحق جو اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں آئے اور 165 گیندوں پر سنچری مکمل کی جو ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹی سنچری تھی۔ اظہر علی 109 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن ایک کیچ لینے کی کوشش میں زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے اور ان کی جگہ ڈیوڈ وارنر کیپنگ کر رہے ہیں۔یونس اور اظہر کے درمیان 236 رنز کی عمدہ شراکت ہوئی۔مائیکل کلارک نے خود سمیت آٹھ بولرز آزما ڈالے یہی نہیں بلکہ اظہرعلی کے لیے انتہائی غیر روایتی قسم کی فیلڈ پلیسنگ بھی کی، لیکن سب حربے بے سود رہے۔اظہرعلی کو 34 اور 46 رنز پر سمتھ اور وارنرنے بچ نکلنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ کلارک نے یونس خان کے خلاف دو مرتبہ ریویو بھی لیا مگر دونوں بار تیر نشانے پر نہیں لگا۔

مزیدخبریں