لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبے کے 12 اضلاع میں پرامن ماحول میں شفاف انداز میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے انعقاد پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم‘ متعلقہ اداروں کی محنت و جانفشانی کے باعث پولنگ کا عمل پرامن رہا جس پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان‘ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ و پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پنجاب حکومت کی سیاسی و انتظامی ٹیم نے پرامن فضا یقینی بنانے کے لئے شبانہ روز محنت کر کے موثر اقدامات اٹھائے اور بلاشبہ شاندار انتظامات کرنے کا کریڈٹ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں ہار جیت کوئی معنی نہیں رکھتی یہ جمہوری نظام کی فتح ہے جس سے جمہوریت اور جمہوری ادارے مزید مستحکم ہوں گے۔ پنجاب حکومت کے مؤثر اور بروقت اقدامات کے باعث نہ صرف اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی بلکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا گیا۔ ’’نیا پاکستان‘‘ بنانے کی دعویدار خیبر پی کے حکومت کے زیر انتظام بلدیاتی الیکشن کے دوران بدترین انتظامات دیکھنے میں آئے تھے۔ جمہوری نظام میں بلدیاتی انتخابات ‘ جمہوری طرزحکومت کے لئے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں اور بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی بقاء اور استحکام میں اہم سنگ میل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے اب تک آنے والے نتائج نے 2013ء کے عام انتخابات کے نتائج پر مہرتصدیق ثبت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کے استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے بلدیاتی انتخابات ہمیشہ اہم کردار ادا کرتے ہیںاور آج پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلامرحلہ بغیر و خوبی اختتام کو پہنچا ہے۔ قبل ازیںوزیراعلیٰ پنجاب نے یونین کونسل 207میں ماڈل ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔وزیراعلیٰ بغیر پروٹوکول پولنگ اسٹیشن پہنچے۔پولنگ عملے سے ہاتھ ملایا اورعام ووٹر کی طرح حق رائے دہی استعمال کیا ۔وزیراعلیٰ کی آمد پر کارکنوں نے ’’شیر آیا شیر آیا ‘‘کے نعرے لگائے،جس پر وزیراعلیٰ نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا۔ علاوہ ازیں محمد شہباز شریف بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں صوبے کے 12اضلاع میں امن عامہ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی رات گئے تک خود نگرانی کرتے رہے اوروزیراعلیٰ نے اس ضمن میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کوضروری ہدایات بھی جاری کیں تاکہ پرامن ماحول میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ خوش اسلوبی سے سرانجام پہنچے۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی کوبلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے اور اسلحہ کی نمائش او راسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے ہدایات دیںاوروزیراعلیٰ نے فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لینے اورخلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں۔
بلدیاتی انتخابات میں ہار جیت معنی نہیں رکھتی، جمہوری ادارے مزید مستحکم ہوں گے: شہباز شریف
Nov 01, 2015