اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ سندھ کے 6 اور پنجاب کے 20یونین کونسلوں اور وارڈز میں دوبارہ پولنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمشن کے مطابق دوبارہ انتخابات کا فیصلہ بیلٹ پیپرز کی غلطیوں کے باعث کیا گیا، کوتاہی برتنے والے پولنگ افسروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ سیکرٹری الیکشن کمشن بابر یعقوب نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے دوران پنجاب سے بیلٹ پیپرز میں غلطیوں سمیت دیگر معمولی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ دن ایک بجے تک الیکشن کمشن کو 83شکایات موصول ہوئیں جس کے بعد ریٹرننگ افسران کو مزید ہدایات جاری کر دی گئیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 83 مختلف قسم کی شکایات موصول ہوئیں۔