فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) فیصل آباد کی یونین کونسل 116 خالد آباد سے چودھری شیر علی کے صاحبزادے اور وزیر مملکت عابد شیر علی کے بھائی عامر شیر علی ہار گئے۔ رانا ثنا کے گووپ کے آزاد امیدوار ڈاکٹر محمد عاشق رحمانی 2291 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے جبکہ آزاد امیدوار عامر علی 2117 ووٹ حاصل کر سکے۔ علاوہ ازیں وزیر قانون پنجاب راناثنانے بتایا ہے کہ عابدشیرعلی کے بھائی عامر شیر علی یونین کونسل 116 فیصل آباد سے ہار گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی اس وقت پولنگ سٹیشن پہنچے جب انکے بھائی ہار رہے تھے، انکی آمد پر تنائو پیدا ہوا۔ سب نے ان کا گھیرائو کیا نہ راستہ رکوایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دانستہ الیکشن کے روز ایک قدم بھی باہر نہیں نکلا۔ میں نے انہیں ووٹ بھی کاسٹ نہیں کیا انہوں نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ میرے ڈیرے پر نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں ڈجکوٹ روڈ پر وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی پر راناثنا گروپ کے حامیوں نے حملہ کر دیا اور گاڑی پر پتھراؤ کیا اور عابدشیرعلی کو دھکے دیئے گئے۔ آر پی او، سی پی او، ڈی سی او اور رینجرز و پولیس کے جوان اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئے اور معاملے کو رفع دفع کروا دیا گیا۔ عابدشیرعلی کے مطابق انہیں کارکنوں نے شکایت کی تھی کہ صوبائی وزیرقانون کے پتھر اور ڈنڈا بردار ساتھی زبردستی ڈجکوٹ روڈ کے پولنگ سٹیشن پر دھاندلی کروا رہے ہیں جس پر وہ موقع پر پہنچے تو رانا ثناء اللہ کے کارکنوں نے ان پر پتھروں کی بارش کر دی جس میں وہ بال بال بچ گئے۔ اس دوران صوبائی وزیرقانون کے گروپ کے کارکنوں نے عابد شیرعلی کو دھکے دیئے اور معاملہ سنگین ہو گیا جس پر عابد شیرعلی نے گاڑی میں داخل ہو کر آر پی او، سی پی او اور ڈی سی او کو فون پر اطلاع دی۔