لاہور (کامرس رپورٹر) روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت بڑھنے کے نتیجہ میں ملک میں گھی اور آئل کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 20 پیسے جبکہ 16کلو کے کنستر کی قیمت میں 20 روپے کا اضافہ ہوا گیا۔ کنستر کی کم از کم قیمت 1880 سے بڑھ کر 1900 اور زیادہ سے زیادہ قیمت 2280 روپے سے بڑھ کر 2300 روپے ہوگئی۔ ویجی ٹیبل گھی اینڈ آئل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خواجہ عارف قاسم نے بتایا کہ گھی اور آئل کی ایک روپے فی کلو قیمت میں اضافہ سے صارفین پر روزانہ ایک کروڑ بیس لاکھ روپے کا بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے بتایا ملک میں روزانہ 12000 ٹن گھی اور خوردنی آئل استعمال ہوتا ہے اور ایک روپے فی کلو کے اضافہ سے عوام پر سالانہ 2ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے واضح کہا روپے کی قدر میں کمی ہوتی رہی تو گھی اور آئل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کو نہیں روکا جا سکے گا۔