اسلام آباد(نماندہ خصوصی+ایجنسیاں) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صدارت میں سینئر پارٹی رہنمائوں اور قانونی مشیروں کے اجلاس میں خبر لیک کے ایشو کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطح کمیٹی کے قیام اور سپریم کورٹ میں پانامہ پیپرز کے حوالے سے آج ہونے والی سماعت کے تناظر میں مشاورت کی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام کی جزئیات کو ابھی طے نہیں کیا جا سکا۔ مزید مشاورت کے بعد نوٹیفکیشن ہو گا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون بھی موجود تھے۔ دریں اثناء وزیر اعظم نواز شریف نے اٹک پل پر میت روکنے کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ فوری طور پر ہیلی کاپٹر بھیج کر میت پشاور منتقل کی جائے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نواز شریف نے تھیلیسیمیا کی مریضہ عفیفہ دختر وجاہت ایاز کے علاج کے لئے متعلقہ گروپ کا خون فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، یہ مریضہ اس وقت نیشنل انسٹیٹیوٹ برائے امراض خون کراچی میں زیر علاج ہے اور اس کی زندگی بچانے کے لئے انتہائی نایاب گروپ او ایچ پازیٹو کا خون(بمبے) فوری طور پر درکار ہے۔ خون کا عطیہ دینے کے خواہشمند افراد اس ضمن میں وجاہت ایاز 0333-321-8278572/ 3724514 مظہر زیدی سے 0332-7877450 رابطہ کر سکتے ہیں۔
نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس، خبر لیک معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی، پانامہ کیس کی سماعت کے حوالے سے تبادلہ خیال
Nov 01, 2016