اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت آج (منگل کو) ہوگی،سابق اٹارنی جنرل اسلم بٹ نے وزیراعظم نوازشریف اوران کے خاندان کے دیگر افراد کی جانب سے وکالت نامہ عدالت میں جمع کرا دیا۔ وزیراعظم نوازشریف، مریم صفدر، کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کی جانب سے سابق اٹارنی جنرل اسلم بٹ نے اپنا وکالت نامہ عدالت میں جمع کرا دیا چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا لارجر بنچ پانامہ لیکس سے متعلق 5 میں سے 3 درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس پرحکومت کی جانب سے جوڈیشل کمشن تشکیل نہ دینے کی درخواست خارج کرتے ہوئے وزیراعظم ، وفاقی وزیر خزانہ سمیت مریم نواز ، کیپٹن صفدر و دیگر کو نوٹس جاری کئے تھے۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق عمران خان نے آج منگل کو پانامہ سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ موخر کر دیا۔ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور رفقاء کے مشورے پر سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ موخر کردیا۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر چیئرمین پی ٹی آئی کا 2 نومبر سے قبل کہیں جانا مناسب نہیں۔ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا۔
سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت آج ہو گی‘ عمران خان نے عدالت جانے کا فیصلہ موخر کر دیا، ذرائع
Nov 01, 2016