بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ، خاتون سمیت 4شہید، 6زخمی

اسلام آباد+نکیال( نوائے وقت رپورٹ + یجنسیاں) آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی افواج نے ایل او سی پر نکیال سیکٹر میں پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس میں چار شہری شہید اور 6زخمی ہو گئے پاکستانی افواج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ موثر جوابی کارروائی میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے کیل اور جندروٹ سیکٹرز میں بھی بلااشتعال فائرنگ کی پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا اور کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔ پاکستانی فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کی بندوقیں خاموش کردیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کو بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کیل، نکیال، جندروٹ سیکٹر زپر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے بعد پاکستان فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپورانداز میں جواب دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوجی کی جانب سے مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا اور سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق بھارت کی جانب سے شکرگڑھ سیکٹر کی ورکنگ باﺅنڈری پر مختلف اوقات میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے سکھوچک، ٹمبر چک، تغل پور، کرول، بڑا بھائی مسرور، سکمال سمیت درجنوں سرحدی دیہات قصبات خالی ہوچکے ہیں شہری نقل مکانی کر کے محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ متعدد شہریوں نے بتایا کہ وہ اپنے بیوی بچوں والدین کو محفوظ مقامات پر منتقل تو کر چکے ہیں لیکن گھروں میں ایک ایک فرد مال مویشیوں کی حفاظت کے لئے ٹھہرا ہوا ہے جس سے انہیں کھانے پینے کی دشواری بھی ہے اور مال مویشیوں کے لئے چارے کی مشکلات بھی در پیش ہیں شکرگڑھ انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ علاوہ ازیں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے سرحدی دیہات کھرال کاہنہ، جگوال، ننگل، کرول، ٹمبر چک، سکھوچک، چک بیکا، ابیال ڈوگر، بھوجپور کے تعلیمی ادارے بند رہے اور تعلیمی سرگرمیاں بھی معطل ہو کر رہ گئیں۔ متعدد والدین نے بتایا کہ بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے بعد نقل مکانی کرتے ہوئے بچوں کی کتابیں اور سکول بیگ تک ساتھ نہ لا سکے۔

ای پیپر دی نیشن