مائنس یا پلس ون کا فیصلہ کوئی فرد نہیںعوام کریں گے :نواز شریف

Nov 01, 2017

لندن/ اسلام آباد (صباح نیوز، وقائع نگار خصوصی) سابق وزیراعظم نوازشریف نے لندن میں نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مائنس ون اور پلس ون کے فیصلے عوام کے ہوتے ہیں۔ مائنسون اور پلس ون کا فیصلہ کسی فرد یا کسی اور کا نہیں ہو سکتا۔ قبل ازیں وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ لندن میں ملاقات نوازشریف کے گھر پر ہوئی۔ اسحاق ڈار نے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی۔ لندن میں شہبازشریف اور سلمان شہباز نے بھی نوازشریف سے ملاقات کی ہے‘ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا اسحاق ڈار ابھی پاکستان نہیں جارہے۔ کچھ عرصہ برطانیہ میں قیام کریں گے۔ دریں اثناء باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں پر واضح کردیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔ عدالتی فیصلے تک پارٹی کی صدارت میاں نواز شریف کے پاس ہی رہے گی۔ لندن میں مسلم لیگی رہنماؤں کے اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے مریم نواز اور حمزہ شہباز مسلم لیگ کے پالیسی بیان جاری نہیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پالیسی بیان دیں گے۔ پارٹی کو ریاستی اداروں سے تصادم سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ میاں شہباز شریف میاں نواز شریف کی عدم موجودگی میں عملی طور پر پارٹی امور کو چلائیں گے۔ محمد نواز شریف آج شب لندن سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے۔ وہ 3 نومبر کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔

مزیدخبریں