سرگودھا/ قصور (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) سردی کی آمد کیساتھ ہی سرگودھا سمیت مختلف علاقوں میں عوام کو گیس کی غیر اعلانیہ بندش اور گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے جس کے باعث گیس سلنڈر مہنگے ہونا شروع ہوگئے، شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو توانائی بحران سے نجات دلانے کے وعدے پر اقتدار میں آئی تھی۔ نہ ہی بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکی اور نہ ہی گیس کی فراہمی بہتر ہوسکی ہے۔ قصور اور گرد و نواح میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈ شیڈنگ سے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے، عوام سراپا احتجاج، عوام کا کہنا ہے کہ صبح، دوپہر، رات کو کھانے کے وقت گیس بند کردی جاتی ہے۔ سکول جانے والے بچے بغیر ناشتہ کئے جانے پر مجبور ہیں۔ گھروں میں گیس کی سپلائی بند ہونے سے عوام ہوٹلوں اور فاسٹ فوڈ کھانے پر مجبور ہیں جس سے بجٹ شدید متاثر ہورہاہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ گیس لوڈشیڈنگ سے ذہنی قرب کا شکار ہیں، سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کرکے لوگوں کی مشکلات کو دور کیا جائے۔
سرگودھا، قصور: گیس کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث بچے بغیر ناشتہ کئے سکول جانے پر مجبور
Nov 01, 2017