کرپشن کے میگا سیکنڈلز میں ملوث مجرموں کا بلاامتیاز احتساب کیا جائے: سراج الحق

Nov 01, 2017

لوئر دیر(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت کے تحفے دئیے، نیب پانامہ لیکس کے دیگر کرداروں اور کرپشن کے میگا اسکینڈلز میں ملوث قومی مجرموں کا بلا امتیاز احتساب کرے ، 2018 ء کے انتخابات میں عوام ان وڈیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے اپنی محرومیوں کا بدلہ لیں،فروغ تعلیم کے ذ ریعے ملک کوپورے عالم اسلام کیلئے اسلامی سپرپاور پاکستان بنائینگے، سرکاری تعلیمی ا داروں میں نظام الصلواۃکا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے ،تعلیمی اداروں میں اسلامی تعلیمات نافذ العمل کئے جانے سے طلبہ وطالبات کا مستقبل سنور جائے گا ،والدین کی اطاعت اور فرائض کی پابندی کسی بھی اچھے طالب علم کی پہچان ہوتی ہیں،وزیر بنتے ہی سب سے پہلے کام دسویں تک مفت تعلیم کے منصوبے کا آغاز تھا ،تیمرگرہ میڈیکل کالج کے قیام کے بعد اب کوٹوہائیڈل پاور پراجیکٹ سمیت دیگر منصوبے پایہ تکمیل کے مراحل میں ہیں پھر انشاء اللہ یہاں کے نوجوان بے روزگار اور ان پڑھ نہیں رہیںگے، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ثمرباغ میں پرنسپل عبد الحمید ناصری کی سربراہی میں منعقدہ نظام الصلواۃو تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ دینی علوم سمیت دنیاوی علوم پر بھی ہے ۔دریں اثناء سدبر کلے،معیار،اور اپنے آبائی گائوں مسکینی میں وفود اور مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے عوام کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت کے تحفے دئیے ۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار ی ضرب المثل بن چکی ہے سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات میں عوام ان وڈیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے اپنی محرومیوں کا بدلہ لیں اور ان کے چنگل سے آزادی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں اسلامی نظام کی راہ میں رکاوٹ اقتدار میں رہنے والی مسلم لیگ ، پیپلز پارٹی ، جاگیردار اور وڈیرے ہیں جنہوں نے سیاست اور جمہوریت کے نام پر عوام کا استحصال کیا ۔

مزیدخبریں