غیر آئینی اقدام چاہنے والوں کومایوسی ہوگی ، الیکشن اگست18ء میںہونگے : احسن اقبال

کراچی (سٹا ف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے 2018ء کے انتخابات سے قبل کسی تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں۔ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔ غیر آئینی اقدام کے انتظار میں بیٹھے لوگوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔پاکستان کو دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار دیا جاتا تھا لیکن آج ایشیاکی ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔ ،آج 2013سے ایک مختلف پاکستان دنیا کے سامنے ہے۔ کراچی کی رونقیں بحال کیں، آج کراچی کا شمار دنیا کے پرامن شہروں میں ہوتا ہے۔ یہ کامیابی پاکستانی قوم، سیکورٹی اداروں کی محنت، قربانیوں اور شہادتوں کی مرہون منت ہے۔ اداروں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ملک میں مزید تجربات کی گنجائش نہیں۔ ملک میں جمہوری قوتوں کے درمیان نیشنل ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے۔ غیر آئینی اقدام کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ محمد شاہ کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا تعلیم کے میدان میں پیچھے رہ جانے سے احساس محرومی پیدا ہوتی ہے۔ پاکستان میں جمہوری قوتوں کوایک نیشنل ڈائیلاک کرنا چاہئے جس کا اظہار نوازشریف اور رضاربانی بھی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کچھ نئے سیاسی کھلاڑیوں نے معاملات کو انا کا مسئلہ بنا لیا ہے۔ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت  اگست 2018میں ہی ہوں گے۔ ایک تانگا پارٹی ہے پتہ نہیں اس کو کون چلاتا ہے۔

 پاکستان نے واپس کئے گئے امریکی ہیلی کاپٹرز کی خریداری کیلئے اپنی خواہش کا اظہار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق امریکی ہیلی کاپٹرز کو واپس کرنے کا فیصلہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا تھا اور موجودہ وزیر داخلہ احسن اقبال کے مطابق وزارت کو منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات اٹھانے میں مدد کے لئے ان ہیلی کاپٹرز کی ضرورت ہے۔ احسن اقبال نے اپنے امریکہ کے دورے کے دوران ان ہیلی کاپٹرز کو واپس حاصل کرنے کے لئے سفارت خانے کو نیا معاہدہ کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان کا کہنا ہے امریکہ کو واپس دیے گئے 9 ہووے ٹو ہیلی کاپٹرز انسدادا دہشت گردی آپریشنز کا انتہائی اہم حصہ تھے تاہم امریکہ نے پاکستان کو ہیلی کاپٹرز دینے سے معذرت کر لی ہے۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے بی بی سی سے گفتگو میں ان ہیلی کاپٹروں کے متعلق بتایا سابق وزیر داخلہ نے امریکہ کی جانب سے دئیے جانے والے ان ہیلی کاپٹروں کو خریدنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کی وجہ ان کی مرمت پر زیادہ لاگت بتائی گئی تھی۔ احسن اقبال نے کہا میں نے کوشش کی ان ہیلی کاپٹروں کو دوبارہ حاصل کر لیں تاہم امریکہ نے معذرت کر دی ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کے پاس اب کوئی ہیلی کاپٹر موجود نہیں۔

ای پیپر دی نیشن