پاکستان کو کما کر دینے والا شہر بوند بوند پانی کوترس رہا ہے‘مصطفی کمال

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کراچی میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو تباہ کر کے پاکستان کو تباہ کیا جا رہا ہے، پاکستان کو کما کر دینے والا شہر بوند بوند پانی کو ترس رہا ہے، کئی علاقوں میں مہینوں سے پانی نہیں آیا اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس سنگین مسئلے کو حل کرنے کے بجائے اس پر سیاست کر رہی ہیں۔ کراچی کے لیے پانی کی فراہمی کے لیے کے فور منصوبہ ہم نے شروع کیا جو کہ ہم 12 ارب روپے میں مکمل کرتے لیکن اس وقت پیسے جاری نہیں کیے گئے۔ ہمارے جانے کے کچھ سالوں بعد اس منصوبے پر دوبارہ کام شروع کیا گیا لیکن اس کی لاگت بڑھا کر 24 اور پھر 36 ارب روپے کر دی گئی اور اب عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد دورہِ کراچی میں اس کی لاگت 72 ارب روپے بتائی گئی جس پر وفاقی حکومت نے اپنے حصے کے پیسے دینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ہم صرف 24 ارب کے پچھلے تخمینے کی آدھی رقم دیں گے جبکہ دوسری جانب ہر گزرتے دن کے ساتھ منصوبے کی لاگت میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ ماضی میں بھی عوامی جلسوں، کارنر میٹنگز اور ٹاک شوز میں بھی کراچی والوں کے لیے اس منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کرتے رہے ہیں، گزشتہ دنوں بھی اہلیان کراچی سے فیس بک لائیو سیشن میں خطاب کرتے ہوئے عوام کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی کی شکایات پر اس اہم عوامی مسئلے پر روشنی ڈالی تھی۔ اگر اس منصوبے کو جلد از جلد شروع کر کے مکمل نہیں کیا گیا تو جو ٹینکر آج عوام کو 4 سے 5 ہزار کا ملتا ہے وہ 40 سے 50 ہزار میں بھی دستیاب نہیں ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن