لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سینٹیر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مریم نواز کی ٹوئٹ کو بھڑکتے شعلے کی طرح لیا جاتا ہے، جب حکومت خود اپنا بیڑا غرق کرلے گی تو پھر ہم بولیں گے، نواز شریف، مریم نوازکی خاموشی حکمت عملی کے تحت ہے، پاکستان میں غیر جمہوری قوتیں کافی طاقتور ہیں، حکومت کا بخار اترنے پر عمران خان کو بھی جمہوری قوتوں کی مدد درکار ہوگی اور پھر رکاوٹیں عمران خان کے راستے میں بھی آئیں گی۔ سنیٹیر پرویز رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری روز آکر بولتے ہیں اور جب یہ بولتے ہیں تو ڈھولک پھاڑ کر بولتے ہیں جب ہمارا کام حکومت خود کر رہی ہے تو پھر نواز شریف یا مریم نواز کو بولنے کی کیا ضرورت ہے، ہم خاموشی سے ان کی باتوں کو سن بھی رہے اور دیکھ بھی رہے ہیں۔ جب حکومت اچھے طریقے سے خود کا نقصان کر لے گی تو ہم پھر بولیں گے بھی اور حکومت کو ٹف ٹائم بھی دیں گے۔ اگر ہم ابھی بولیں گے تو یہ کہیں گے کہ ہمیں کام کا موقع نہیں دیا گیا اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ حکومت کو موقع دیں تاکہ یہ اپنی تباہی کی ذمہ دار خود بنے کسی دوسرے کو قصور وار نہ ٹھہرائے۔
غیر جمہوری قوتیں طاقتور، حکومت اپنا بیڑا غرق کرلے گی تو ہم بولیں گے: پرویز رشید
Nov 01, 2018