میچ فکسنگ سکینڈل میں وسیم اکرم ملزم نہیں مجرم ہیں:عطا ء الرحمٰن

Nov 01, 2018

لاہور(نمائندہ سپورٹس) سابق ٹیسٹ فاسٹ باولر عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ میچ فکسنگ سکینڈل میں وسیم اکرم ملزم نہیں مجرم ہیں انہوں نے جرمانہ ادا کیا تھا۔ جرمانے کی ادائیگی کے بعد انکا خود کو معصوم کہنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ کرکٹ کرپشن میں انہیں کبھی بھی کسی صورت کلین چٹ نہیں دی جا سکتی۔ وہ لندن سے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سچ بولنے کی سزا دی گئی میں نے میچ فکسنگ کے خلاف آواز بلند کی جان بچانے کیلئے بیان بدلنے پر بھی میرا نقصان ہوا۔ یہاں حقیقت بیان کرنے پر جان کو لاحق خطرات کیوجہ سے مجبورا بیان بدلا تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جسٹس قیوم کمشن رپورٹ میں تمام حقائق واضح ہیں جن پلیئرز کو جرمانے ہوئے انکا کردار مشکوک تھا۔ آج وسیم اکرم خود کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ میں نے عمران خان کو میچ فکسنگ اور وسیم اکرم کے کردار کے متعلق بتایا تھا انہوں نے مجھے کہا تھا کہ تم نے اسے کیوں بچایا ہے۔ جن لوگوں نے ملک کا نام خراب کیا ہے اور پیسوں کے لیے جان بوجھ کر میچ ہارے ہیں انہیں کس طرح اہم عہدوں پر لایا جا رہا ہے۔ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے دور میں ہماری کرکٹ کو کیوں کرپٹ افراد کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں