کابل (صباح نیوز‘ اے ایف پی‘ نیٹ نیوز)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 10سے زائدزخمی ہو گئے جبکہ فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 25 افراد مارے گئے۔طالبان نے گرانے کا دعویٰ کر دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کابل کا ہائی سکیورٹی زون اسوقت خوفناک دھماکے سے گونج اٹھا جب خودکش دہشتگرد نے خود کو بم سے اڑا لیا، واقعہ پل چرخی جیل کے قریب پیش آیا جس کے بعد ہر طرف دھویں کے بادل چھا گئے، دھماکے کے مقام پر موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی تاہم 7 افراد بم کا نشانہ بن گئے۔ پولیس اور افغان سکیورٹی اہلکاروں نے زخمی ہونے والے 10افراد اور 7 نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ دھماکے کے مقام کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے لیا ۔ سکیورٹی حکام کے مطابق تاحال کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت سامنے نہیں آسکی۔ دھماکے کا نشانہ بننے والی گاڑی میں زیادہ تر جیل کی خواتین ملازم سوار تھیں۔ دوسری جانب فراہ میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس سے عملے اور رکن صوبائی کونسل سمیت 25 افراد ہلاک ہوگئے۔دوسری جانب طالبان ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان کے مسلح جنگجوئوں نے فوجی ہیلی کاپٹر کا نشانہ بنایا۔