ہیلتھ سپلائی چین میں استحکام ناگزیر ہے:صوبائی وزیرصحت

Nov 01, 2018

لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ آبادی اور ہیلتھ انفراسٹرکچر میں پھیلائو کے باعث ہیلتھ سپلائی چین میں استحکام ضروری ہے، اگر اس اہم شعبے کی طرف توجہ نہ دی گئی تو صحت عامہ کی سہولیات متاثر ہوسکتی ہیں، فاطمہ میموریل ٹرسٹ ہسپتال کے زیراہتمام ہیلتھ سپلائی چین کے استحکام کے موضوع پر سمپوزیم سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اضلاع، تحصیلوں اور دیہات کی سطح پر ہیلتھ سپلائی چین کو مکمل مربوط حالت میں ہونا چاہیئے، یہ ایک حقیقت ہے کہ ہیلتھ سپلائی چین کے استحکام کے بغیر صحت عامہ کے اہداف کا حصول ممکن نہیں، پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشدنے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہیلتھ سپلائی چین کو اب طبی اداروں میں بطور مضمون پڑھایا جا رہا ہے، انہوں نے زور دیا کہ ریسرچرز کو ہیلتھ سپلائی سسٹم کے استحکام کیلئے بھی ریسرچ کرنی چاہیئے،انہوں نے کہا کہ فاطمہ میموریل ہسپتال علاج معالجے کی سہولتوں اور میڈیکل ایجوکیشن میں گرانقدر کردار ادا کررہا ہے،طبی شعبے کے استحکام کے لئے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا،اس موقع پر فاطمہ میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن شاہینہ رحمان اور ڈین پروفیسر رخشندہ رحمان ، سالک فاروقی، امریکن قونصلیٹ لاہور ، ڈاکٹر اسماعیل ورک،یوایس ایڈ ، محکمہ صحت کی اہم شخصیات ، سینئیر مینجمنٹ فاطمہ میموریل سسٹم ، نور انٹرنیشنل یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کی فیکلٹی بھی موجود تھیں، دریں اثناء پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں کی پروچانسلر، وزیر صحت پروفیسر یاسمین راشدکی زیر صدارت کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے یونیورسٹی کے معاملات پر بریفنگ دی، پروچانسلر نے ہدایت کی کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں اساتذہ اور دیگر سٹاف کی خالی آسامیوں پر بھرتی کی جائے، انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں فیکلٹیز کی 100 آسامیاں خالی ہیں۔

مزیدخبریں