مولانا کی نظر اسلام سےزیادہ اسلام آباد پر ہےپاکستان میں کرپشن کے تحفظ کیلئے احتجاج ہو رہاہے:فردوس عاشق

Nov 01, 2019 | 13:43

ویب ڈیسک

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ضلع کچہری کے حالات ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے، ماضی میں اقتدار کے مزے لوٹنے والوں کیلئے صورتحال چشم کشا ہے، حکومت اور بار کے درمیان پل کا کردار اعزاز ہے، ضلع کچہری میں سائلین کیلئے کوئی سہولت نہیں، وفاقی دارالحکومت کی ضلعی عدالتیں زبوں حالی کا شکار ہیں، 1830 کے بنے قوانین میں بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے عدالتی حکم پر اسلام آباد کی ضلع کچہری کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر ایف ایٹ کچہری کا دورہ کیا ہے اور میری سیاسی زندگی میں پہلا موقع ہے کہ کچہریوں کا دورہ کیا جبکہ میری سیاسی زندگی میں مجھ پر کوئی ایف آئی آر یا کیس نہیں بنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے وفاقی دارالحکومت میں قائم ضلعی عدالتیں زبوں حالی کا شکار ہیں اور ضلع کچہری میں سائلین کے لئے کوئی سہولیات یسر نہیں ہیں اور یہ صورتحال ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ اور چسم کشا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ماضی میں باری باری اقتدار کے مزے لوٹنے والوں کے لئے یہ صورتحال چشم کشا ہے آج ضلعی کچہری میں جج صاحبان مشکل حالات میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت بار کے صدر کو یقین دلاتی ہوں کہ میں حکومت کے سامنے ان کی ترجمان بنوں گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ضلعی کچہری میں ابتر حالات میں کام کرنے والے ججز اور وکلاءکو خراج تحسین پیش کرتی ہوں اور اﷲ نے مجھے اسلام آباد ہائی کورٹ کے توسط سے ان حالات کو بہتر بنانے کا موقع دیا ہے۔ ججز کی تعداد بہت کم ہے اور کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پسے ہوئے طبقات کے لئے جدوجہد کرنا وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے جبکہ ساٹھ سال بعد بھی سی ڈی اے کا نیا ماسٹر پلان وفاقی کابینہ میں پیش کیا گیا ہے اور نئے ماسٹر پلان کے تحت ڈسٹرکٹ کورٹس میں سہولتیں فراہم کرینگے۔ عوام کی خدمت اور علاج و بہبود ہی ہماری سیاسی جدوجہد کا اصل مقصد ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تحریک انصاف کی واضح اکثریت نہیں ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے مجبوراً آرڈیننس جاری کرنا پڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن کا مارچ کرپشن کو تحفظ دینے کے لئے ہے اور وزیراعظم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ سارے کرپٹ ایک کنٹینر پر اکٹھے ہوجائیں گے۔ جبکہ جمہوریت کا پرچار کرنے والے آج دھرنے کے ذریعے حکومت گرانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعرات کی رات کو ایک سیاسی نابالغ بچے نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں عوام کو تباہ کردیا گیا جبکہ اصل میں ان باری لینے والوں نے عوام کو ستر سال تک کوئی کام نہیں کیا۔ اپوزیشن کے احتجاج کا مقصد حکومت کو عوام کی خدمت سے روکنا ہے اور فضل الرحمان کی نظر اسلام سے زیادہ اسلام آباد کے بائیس نمبر بنگلے پر ہے انہوں نے کہا کہ دنیا میں کرپشن کے خلاف احتجاج ہوتا ہے اور پاکستان میں کرپشن کے تحفظ کے لئے احتجاج ہورہا ہے۔

مزیدخبریں