ڈھاکہ (این این آئی) ایک مسجد میں ایک شخص کو مبینہ طور پرمقدس اوراق توہین کرنے پر زندہ جلا دیا گیا۔ یہ واقعہ بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا سے تین سو کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ضلع لال منیر ہٹ میں پیش آیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایاکہ لال منیر ہٹ کے ایک گائوں بری ماری میں دو افراد ایک مسجد میں داخل ہوئے اور یہ عسکریت پسندوں کی جانب سے مسجد میں مشتبہ طور پر چھپائے گئے ہتھیاروں کی تلاش میں تھے۔ بتایا گیا کہ ان افراد نے امام مسجد سے بات چیت کے بعد مسجد میں تلاشی کی کوشش کی، جس دوران اس الماری کی تلاشی کی کوشش بھی کی، جس میں قرآن اور احادیث رکھی گئی تھیں۔مقامی پولیس افسر عابدہ سلطانہ کے مطابق اس تلاشی کو مقامی امام نے قرآن کی توہین گردانا۔ بتایا گیاکہ ان دو افراد کو ابتدا میں مقامی افراد نے پکڑ کر ایک کمرے میں بند کر دیا تھا تاہم رات کو اس جگہ پر کئی سو افراد جمع ہو گئے اور ان میں سے ایک شخص کو بری طرح پیٹتے ہوئے ایک قریبی مقام پر لے گئے اور پھر زندہ جلا دیا۔ اس موقع پر مقامی افراد اللہ اکبر کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔ واضح رہے کہ اس واقعے کی فوٹیج کچھ ہی دیر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔