فوج کیخلاف بولنے والے امرتسر چلے جائیں‘ سب باتیں لوٹی دولت بچانے کیلئے کیں‘ اعجاز شاہ

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) جشن عید میلادالنبی ؐ کے سلسلہ میںسرکاری سطح پرجمنیزیم ہال میں سیرت النبی ؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ تھے۔ منہاج یونیورسٹی لاہور سے پروفیسر غلام شبیر جامی، خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد، صاحبزادہ ڈاکٹر علامہ محب النبی طاہر،خواجہ نورالزمان چن پیر، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ننکانہ اسماعیل الرحمن کھاڑک ،ڈی پی او شیخوپورہ غلام مبشر میکن ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ سٹی صولت حیات وٹو، پی ٹی آئی کے ضلعی عہدیداران، ضلعی افسران و اہلکاروں سمیت عاشقان رسول (ﷺ) کی کثیر تعداد کے علاوہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔  کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن و نعت سے کیا گیا۔ سکولوں کے بچوں نے بارگاہ رسالت میں گلہائے نعت اور ہدیہ ہائے درود و سلام پیش کئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے سیرت النبی (ﷺ) کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن انسانیت (ﷺ) کی ولادت باسعادت عالم انسانیت کا مبارک اور عظیم ترین واقعہ ہے، آمد پیغمبر اکرم (ﷺ) سے جہالت ،گمراہی اور گناہوں کی پستیوں میں ڈوبے انسانوں کو سچائی، علم، نیکی، امن و محبت اور طہارت و پاکیزگی کا راستہ ملا، مذہبی رواداری کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، کوئی بھی اپنا عقیدہ دوسروں پر مسلط نہیں کر سکتا، ریاست قوم کی ماں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی دشمنی میں سیاسی جماعتیں حد پار کر گئی ہیں، دشمن طاقتیں ملک میں فرقہ واریت پھیلانا چاہتی ہیں۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت قابل افسوس ہے، گستاخانہ خاکوں سے پوری امت مسلمہ کے دل دکھی ہیں۔ اعجاز احمد شاہ نے مزید کہا کہ عمران خان کی کاوشوں ضرور رنگ لائیں گی ، پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ وزیر داخلہ نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے لیے لوگوں نے درخواستیں دیں ہیں لاہور اور اسلام آباد میں دی گئی درخواستوں کو قانونی مشاورت کے لیے بھیج دیا ہے، جس نے ہماری فوج کے خلاف بولنا ہے وہ امرتسر چلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایک فوجی گھر میں تین تین شہادتیں ہیں ملک سے باہر بیٹھ کر پاک فوج کے سپہ سلار پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے قسم اٹھا کر کہتا ہوں یہ ساری باتیں لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لیے کی گئیں۔ نواز شریف بھی جلد پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس نے ہماری فوج کے خلاف بولنا ہے وہ امرتسر چلا جائے۔حکومت بائیس کروڑ عوام کی ماں ہے کسی کو اپنا عقیدہ دوسرے لوگوں پر تھوپنا نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ  فرانس نے گستاخانہ خاکے بنا کر پوری مسلم امہ کی دل آزارئی کی ہے۔ ایک سیاسی جماعت کا بیانیہ آپ کے سامنے ہے ملک سے باہر بیٹھ کر پاک فوج کے سپہ سالار پر الزمات لگائے گئے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا جشن عید میلاد النبی(ﷺ) کے جلوس میں شرکت کرنے والے سکھ کمیونٹی کے افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ای پیپر دی نیشن