سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) پولیس کی تحویل میں قتل کا ملزم قتل، فائرنگ کے بعد پولیس کی بھگڈر، ایک پولیس اہلکار نے ملزم کو اسلحہ سمیت پکڑ لیا، کچہری میں سکیورٹی کی انتہائی ناقص صورتحال پر پولیس حکام خاموش ہیں۔ پیشی پر آنے والا نوجوان پولیس کی موجودگی میں قتل ہوگیا۔ سیالکوٹ اڈہ بیگووالہ کا رہائشی عمران شاہ جو کہ قتل کے مقدمہ میں پولیس کی تحویل میں تھا جسے پولیس کی نگرانی میں پیشی کیلئے سمبڑیال کچہری لایا گیا جہاں واپسی پر گھات لگائے بیٹھے مخالفین نے فائرنگ کر دی جس سے ملزم عمران شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ۔جبکہ پولیس ملازم کی پھرتی سے ملزم کو موقع سے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ یاد رہے کہ تقریباً 25 روز قبل ملزم عمران شاہ نے اڈا بیگووالہ پر دوران جھگڑا راجو نامی شخص کو فائر مار کر قتل کر دیا تھا۔ جسے پولیس نے اسکے ساتھی والد اعجاز شاہ سمیت گرفتار کر لیا تھا۔ آج اس مقدمہ کی پیشی کیلئے ملزم عمران کو عدالت میں پیشی کے بعد واپس لایا جا رہا تھا جہاں یہ واقع پیش آیا۔ نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال منتقل کر دیا گیا جسے پوسٹمارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالہ کر دیا جائے گا۔
سیالکوٹ: ملزم پیشی سے واپسی پر پولیس کی موجودگی میں قتل
Nov 01, 2020