لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ آفس کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبی ؐکے موقع پر روح پرور محفل میلاد کا انعقادکیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے محفل میلاد میں خصوصی شرکت کی ۔ملک و قوم کی سا لمیت، ترقی، خوشحالی اور امن کیلئے مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورکشمیری شہداء کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی ولادت باسعادت کی بابرکت گھڑیاں تاریخ انسانی کے روشن ترین اور قیمتی لمحات ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عیدمیلاد النبی ؐ کے پر مسرت موقع پر پنجاب کی پناہ گاہوں میں محافل میلا د ؐ کا انعقاد کیاگیا جس میں پناہ گاہوں میں مقیم افراد نے شرکت کی۔ عثمان بزدارنے ٹھوکر نیاز بیگ کی پناہ گاہ کا دورہ کیا اور محفل میلاد ؐمیں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ بیٹھ کر نعت رسول مقبول ؐ سننے کی سعادت حاصل کی۔تونسہ سے آئے بزدار قبیلے سے تعلق رکھنے والے شخص نے وزیر اعلیٰ کو دیکھ کر خوشی کا اظہارکیا۔مقیم افراد نے وزیر اعلیٰ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پناہ گاہ میں ہم جیسے غریب لوگو ں کے لئے بہترین سہولتیں میسر ہیں ۔عثمان بزدار کی زیر صدارت 12برس بعد چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروکے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورونے ادارے کی کارکردگی،بے آسرا بچوں کے حقوق تحفظ کیلئے کیے گئے اقدامات اورآئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ کہا کہ سابق حکومت کی نااہلی اوربدانتظامی سے ہرشعبہ تباہ ہوا۔ 12برس تک چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیوروکے بورڈ آف گورنرزکا اجلاس نہ ہونا بدترین غفلت ہے۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ سے زیادہ اہم کام کوئی نہیں ہوسکتا۔ بدقسمتی سے سابق دور میں ہر ادارے کو ذاتی پسند و ناپسند کے ذریعے برباد کیا گیا۔ ہماری حکومت سابق دورمیں بوئے کانٹوں کو چن چن کر صاف کررہی ہے۔ عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے رحمان پورہ میں اغواء کے بعد بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔سردار عثمان بزدار نے ترکی کے شہر ازمیرمیں زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایاز صادق اوربعض اپوزیشن رہنماؤں کے بیانات ناقابل فہم اورقومی مفادات کے یکسر منافی ہیںاوریہ بیانات ملک دشمن کے بیانیے کے عکاس ہیں۔ پاکستان کے عوام ایسے شر انگیز بیانیے کو مکمل مسترد کرتے ہیں۔ ایاز صادق سمیت بعض اپوزیشن رہنما ملک دشمنی کی حد پار کرچکے ہیں۔ مسلح افواج پر پوری قوم کو فخر ہے۔ پاک فوج مشکل کی ہرگھڑی میں سرخرو رہی ہے۔ہماری مسلح افواج قوم کی آن،شان اورمان ہیں اور 22کروڑ عوام مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن کا ایجنڈا پاکستان میں نہ پہلے چلا ہے اور نہ آئندہ چلنے دیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے پاکستان ریسکیو ٹیم کواقوام متحدہ سے سندحاصل کرنے کا ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے باعث کرونا کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، لہٰذا احتیاط زندگی اور صحت کیلئے ضروری ہے۔ ماسک پہننے کی پابندی پر عملدرآمد شہریوں کے مفاد میں ہے۔ عثمان بزدار نے پاکپتن میں اجتماعی زیادتی کے خاتون کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔