پنجگور (آئی این پی+ صباح نیوز) صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بازار وشبوداسٹاف میں زور دار دھماکے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد کی میتوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ہے۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پنجگور بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا بزدلانہ فعل ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں بلوچستان کے عوام اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیئے جامع پالیسی بنائے گی جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے دھماکے کے شہدا کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہارکیا۔ زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔