مہنگائی ،بے روز گاری کیخلاف اپوزیشن جماعتوں کے مظاہرے جاری

Nov 01, 2021


اسلام آباد‘ ملتان‘ کراچی (نیوز رپورٹر) اپوزیشن جماعتوں اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم کے تحت مہنگائی کے خلاف اسلام آباد‘ حیدر آباد‘ لاڑکانہ‘ ٹھٹھہ اور جیکب آباد میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اسلام آباد میں مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی۔ پیپلز پارٹی نے چوک کچہری ملتان‘ لوئر دیر اور ٹیکسلا میں حکومت کے خلاف مظاہرے کئے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی و بیروزگاری پر تنقید کی۔ کراچی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر تاج حدیر نے سنگر چورنگی‘ کورنگی پر مہنگائی اور بیڈ گورننس کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران نیازی کی نااہل حکومت نے مہنگائی کے ذریعے عوام سے جینے کا حق چھین لیا۔ پاکپتن میں جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف نگینہ چوک میں احتجاجی کیمپ لگایا۔ جس میں کہا گیا کہ عوام کی جان آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے چنگل سے چھڑائی جائے۔ اوکاڑہ میں جے یو آئی نے مہنگائی‘ بے روزگاری اور لاقانونیت کے خلاف ریلی نکالی جو جامعہ مدنیہ جی ٹی روڈ سے شروع ہو کر پریس کلب چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔کراچی میں مہنگائی کے خلاف برابری پارٹی نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ چیئرمین برابری پارٹی جواد احمد نے خطاب کیا۔

مزیدخبریں