تمام اداروں کو اپنے دائرہ کار میں کام کرنا چاہئے: احسن بھون


حافظ آباد (نمائندہ خصوصی، نامہ نگار) صدر سپریم کورٹ بار چودھری محمد احسن بھون کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ صورت حال میں بار اور بینچ کے درمیان پائی جانے والی ڈویژن دونوں اداروں کے لیے تسلی بخش نہیں۔ دونوں اداروں کے تعلقات متوازی ہونے چاہئیں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ بار اور بینچ کے فرق کو ختم کیا جائے، کیوں کہ بار اور بینچ کا تصادم حصول انصاف میں بڑی رکاوٹ ہوتا ہے۔ اپنے آبائی گائوں بھون کلاں میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار چودھری محمد احسن بھون کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی نظام تسلی بخش نہیں، اس میں بہتری کی گنجائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کی بالادستی کو تسلیم کرنا ہم سب کی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ملک کی دیگر بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر اور باہمی مشاورت اور تجاویز کے ساتھ موجودہ نظام کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے خلاف عدالتوں میں کیس زیر سماعت ہیں اور امید ہے کہ ان کیسز کا فیصلہ میرٹ پر ہو گا اور انہیں بھی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حافظ آباد بار کا میں بنیادی رکن ہوں۔ اس کی بہتری، فلاح و بہبود اور حافظ آباد کی وکلاء کی بہتری کے لیے پہلے بھی ہر ممکن اقدامات کیے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر سابق صدر بار محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ، امیدوار صدر ڈسٹرکٹ بار خالدہ شاہد ایڈووکیٹ، معظم حیات بھون ایڈووکیٹ، سرفراز ارشد ایاز چیمہ ایڈووکیٹ دیگر وکلاء اور علاقہ معززین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ای پیپر دی نیشن